نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر سیکیورٹی حصار ختم، سفارتی کشیدگی میں اضافہ
نئی دہلی میں بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر قائم بیرونی سیکیورٹی حصار، رکاوٹیں اور ٹریفک کے لیے نصب حفاظتی ستون ہٹا دیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ہائی کمیشن کے باہر موجود بعض غیر مجاز تنصیبات کو ہٹانے کے تحت کی گئی۔رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن کے قریب موجود قطاروں کو منظم کرنے والی رکاوٹیں اور دیگر حفاظتی ڈھانچے بھی ختم کردیے گئے۔
کارروائی کے بعد علاقے میں ٹوٹی ہوئی ریلنگ، گیٹس، دھاتی فریم، اینٹیں اور دیگر ملبہ موجود تھا۔بھارتی حکام کے مطابق ہٹائے گئے ڈھانچے ہائی کمیشن کی منظور شدہ حدود سے باہر قائم تھے، تاہم اس اقدام کی مزید تفصیلات یا باقاعدہ وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آئی۔
یہ پیش رفت پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر اسی نوعیت کی حفاظتی رکاوٹیں ہٹائے جانے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.