محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کے رابطے سے سیاسی بات چیت آگے بڑھنی چاہیے، رانا ثنا اللہ
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کے درمیان رابطہ موجود ہے، جو ایک اچھی بات ہے، اس کے ذریعے سیاسی معاملات پر بات چیت آگے بڑھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا بھی وزیر داخلہ محسن نقوی سے رابطہ رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ ایسے رابطوں کو سراہا ہے۔
ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ سیاستدان آپس میں بیٹھ کر معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب میثاقِ جمہوریت ہوا تو اس کے بعد ایک تیسرے صاحب آگئے، جنہیں آج تک سنبھالا نہیں جا رہا۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ سیاسی بنیاد پر نہیں تھا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال لے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم سیکیورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں شفا اسپتال منتقل کرنے سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جس کے بعد کہا گیا کہ ڈاکٹرز پمز میں ہی ان کا طبی معائنہ کرلیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.