پائیدار امن کیلئے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے، پاکستان
پاکستان نے فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کو ناگزیر قرار دے دیا۔پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ جنگ بندی کے بعد بھی 1200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر جنگ بندی برقرار ہے تو حملے کیسے جاری ہیں؟عاصم افتخار احمد نے کہا کہ غیر قانونی آبادکاری، آبادکاروں کے تشدد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا خاتمہ ضروری ہے۔ سلامتی کونسل کے تمام ارکان مقبوضہ علاقوں کے الحاق کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ جنگی جرائم اور دیگر سنگین جرائم کے مرتکب افراد کا احتساب یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے اور فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی غیر متزلزل ہے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ خطے میں پائیدار امن کی واحد راہ منصفانہ اور جامع امن ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.