ایران کا امریکی پابندیوں پر شدید ردعمل، اقوام متحدہ سے فوری اقدام کا مطالبہ
تہران: ایران نے امریکا کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ریاستی اور معاشی دباؤ کی ایک شکل قرار دیا ہے۔ ایرانی حکومت نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان یکطرفہ پابندیوں کے خلاف فوری اقدام کرے اور انہیں ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور رکن ممالک کو خط ارسال کیا ہے، جس میں امریکی پابندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔خط میں ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا جنگ کے میدان میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے خلاف معاشی دباؤ بڑھانے کی پالیسی اختیار کر رہا ہے۔ ان کے مطابق نئی پابندیاں ایران کو سیاسی اور معاشی طور پر دباؤ میں لانے کی کوشش ہیں۔
عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ امریکی پابندیوں کے اثرات صرف حکومتی اداروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان کے نتیجے میں عام شہری بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک، صحت، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی متاثر ہونے سے عوام کے بنیادی حقوق پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.