امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ریاست ملک میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی، جبکہ قانون کی خلاف ورزی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔’
محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر چارسدہ، شب قدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید مہارتوں اور مختلف صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو سراہا۔
تربیتی مشقوں کے دوران اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں نے ہجوم کو قابو کرنے، حساس تنصیبات کے تحفظ، پرتشدد حالات سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی گئی ہے اور فورس کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی عنصر کو ملکی امن و امان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.