پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کا 15 خوارج کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقے میں خوارج کی مشکوک نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کے خلاف آپریشن تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال اور دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی روکنے میں افغان طالبان حکومت کی ناکامی سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دیتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ افغان طالبان حکومت مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں بھارتی سرپرستی کے حامل خوارج کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.