امریکی پرواز میں مسافر کا ہنگامہ، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
امریکا کی ایک اندرونِ ملک پرواز میں 67 سالہ مسافر نے اچانک شدید ہنگامہ برپا کردیا، جس کے باعث طیارے کو راستہ تبدیل کرکے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔پولیس کے مطابق امریکی ایئرلائنز کی ڈلاس فورٹ ورتھ سے نیوارک جانے والی پرواز کے فرسٹ کلاس کیبن میں سوار مسافر اچانک مشتعل ہوگیا اور انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کیا۔
مسافر نے مبینہ طور پر نسل پرستانہ اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، ساتھ بیٹھی خاتون مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کا لیپ ٹاپ بھی توڑ دیا۔ مداخلت کرنے والے دیگر مسافروں کو اس نے کاٹنے کی کوشش بھی کی۔صورتحال قابو سے باہر ہونے پر فلائٹ اٹینڈنٹس نے مسافر کو روکنے کی کوشش کی۔
، تاہم اس کے مسلسل جارحانہ رویے کے باعث ایک ریٹائرڈ پولیس افسر اور دیگر مسافروں نے عملے کی فراہم کردہ ٹیپ اور رسیوں کی مدد سے اسے سیٹ کے ساتھ باندھ دیا۔واقعے کے باعث پائلٹ نے پرواز کا رخ موڑ دیا اور طیارے کو واشنگٹن کے بالٹی مور ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔
لینڈنگ کے بعد پولیس اور ایف بی آئی کے اہلکار طیارے میں داخل ہوئے اور مسافر کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے گرفتار مسافر کی شناخت 67 سالہ آرتھر لنڈین (Arthur Lundeen) کے نام سے کی ہے۔حکام کے مطابق مسافر کے خلاف حملہ کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.