نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی تنہا فیصلہ نہیں کر سکتی: طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلہ نہ تو پیپلز پارٹی اکیلے کر سکتی ہے اور نہ ہی اسے یکسر مسترد کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی مسلم لیگ ن اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت میں وزیر داخلہ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور وہ ہر معاملے میں وزیراعظم کی پالیسی اور ہدایات کو مدنظر رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبے کی بات کیے جانے پر غیرضروری طور پر ایک طوفان کھڑا کر دیا گیا۔
حالانکہ وزیر داخلہ اگر کوئی مثبت بات بھی کریں تو بعض حلقے اس میں بھی خامیاں تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ شاید کچھ افراد کی توقعات محسن نقوی سے پوری نہیں ہو رہیں، اسی وجہ سے وہ ان پر تنقید کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی نہ تو تنہا کوئی فیصلہ کر سکتی ہے اور نہ ہی اس معاملے کو مکمل طور پر مسترد کرنے کی پوزیشن میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں اس معاملے کو اس انداز سے پیش کیا جا رہا ہے جیسے ملک کو تقسیم کرنے کی بات ہو رہی ہو، حالانکہ نئے صوبوں کا معاملہ ایک سیاسی اور آئینی بحث ہے جس پر مشاورت ضروری ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.