27 ستمبر مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے 106 کارکنان نظر بند
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد راولپنڈی ڈویژن میں 100 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو نظر بند کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق نظر بند کیے گئے کارکنان کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔
کارکنان کی گرفتاری و نظر بندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے، جبکہ کارروائی 3 ایم پی او کے تحت عمل میں لائی گئی۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے مختلف اضلاع سے مجموعی طور پر 106 پی ٹی آئی کارکنان کو نظر بند کیا گیا ہے۔ ان میں راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 کارکنان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا تھا کہ پارٹی کارکنان پرامن انداز میں صوبے سے اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کریں گے۔
شفیع جان کے مطابق دیگر شہروں کے کارکنان اسلام آباد آنے کے بجائے اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج اور شہر بند کرنے کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جبکہ خیبرپختونخوا سے ملحقہ علاقوں کے کارکنان اسلام آباد مارچ میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ نظام کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی اور پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.