وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت سستا پٹرول، نیا ڈیجیٹل نظام متعارف
اسلام آباد: وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک رعایت دینے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا۔وزارتِ آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر موجودہ معاشی مشکلات میں محنت کش اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کے تعاون سے ایک مربوط اور خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسکیم کا بنیادی مقصد مستحق شہریوں کو مہنگے پٹرول کے اضافی مالی بوجھ سے بچانا اور سبسڈی کی شفاف و مؤثر تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔نئے نظام کے تحت اہل شہریوں کو پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 100 روپے کی رعایت فراہم کی جائے گی۔
موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔وزارتِ آئی ٹی کے مطابق صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے تعاون سے گاڑیوں اور ان کے مالکان کی تصدیق کا عمل بھی ڈیجیٹل اور خودکار کردیا گیا ہے، جس کا مقصد اسکیم سے صرف مستحق افراد کو فائدہ پہنچانا اور نظام میں شفافیت برقرار رکھنا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.