باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی حکمرانی جمہوریت کی بنیاد ہیں: مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کو مضبوط اور کامیاب بنانے کے لیے باشعور شہری، مخلص و دیانتدار قیادت اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوری اقدار اور اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
ان کے مطابق جمہوریت صرف حکومت کرنے کا ایک نظام نہیں بلکہ ملکی ترقی میں عوام کی مؤثر اور مسلسل شمولیت کا نام ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جمہوریت ایک مسلسل عمل اور سفر ہے، جس کی حقیقی منزل ایک متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جمہوری نظام کی کامیابی کے لیے عوام میں شعور، قیادت میں دیانت اور قانون کی یکساں عملداری ضروری ہے۔مریم نواز نے احتساب کو جمہوریت کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر کرپشن میں ملوث عناصر کے احتساب کے عزم کو مزید پختہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے منظم انداز میں اقدامات جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی جمہوریت کی بنیادی روح ہے، جبکہ جمہوری روایات کے فروغ اور اداروں کو مضبوط بنانے میں سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں کا فعال کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے برداشت، باہمی مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کے حصول کے لیے جمہوریت ہی مؤثر اور پائیدار راستہ ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.