برآمدات میں اضافے کے لیے نئی صنعتوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑا جائے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹلائزیشن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات اور معاشی ترقی کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں ملکی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے مزید شعبوں اور صنعتوں کو عالمی منڈیوں کے لیے تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تجارت میں تنوع لانے کے لیے نئے شعبوں کو برآمدی عمل کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور بین الاقوامی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویلیو ایڈیشن سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔شہباز شریف نے برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں ختم کرنے جبکہ برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ دوست ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی اور رعایتی نرخوں پر تجارتی معاہدوں کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات، سرجیکل اور طبی آلات کی برآمدات بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ پاکستانی مصنوعات کی مؤثر تشہیر اور عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے لیے مختلف نمائشوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.