پنجاب میں کم تعلیمی نتائج والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں نویں جماعت کے خراب امتحانی نتائج کا جائزہ لیا گیا، جس میں طلبہ کی کارکردگی کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے اور کم نتائج والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران مریم نواز نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خراب نتائج والے اسکولوں اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں اساتذہ کے خلاف کارروائی کے لیے نیا آرڈیننس لانے اور ہر جماعت میں ماہانہ اور سالانہ امتحانات کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور تعلیمی اصلاحات کا منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے اسکولوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔
مریم نواز نے بہترین نتائج دینے والے اسکولوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے اور سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹس کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں کو 45 روز میں پُر کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کمزور طلبہ کے لیے شام کی کوچنگ شروع کرنے اور اسکولوں کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی اور کہا کہ اساتذہ کی محنت طلبہ کے نتائج میں نمایاں ہونی چاہیے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.