آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

معلومات تک رسائی شہریوں کا آئینی حق ہے، صدر مملکت

Super Admin


اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی کے موقع پر شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں عوام کی مؤثر شرکت کے لیے بروقت، مستند اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی ضروری ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو معلومات تک رسائی کا واضح حق فراہم کرتا ہے۔
ان کے مطابق 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اظہارِ رائے کے آئینی تحفظ کو مزید مستحکم کیا گیا اور آرٹیکل 19-اے شامل کیا گیا، جس کے تحت ہر شہری کو عوامی اہمیت کے معاملات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم اس حق پر قانون کے مطابق مناسب پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر شہریوں کو معلومات کی فراہمی کے لیے قانونی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقوں میں نمایاں تبدیلی پیدا کردی ہے۔
صدر مملکت کے مطابق موجودہ دور میں مسئلہ صرف معلومات کی دستیابی تک محدود نہیں رہا بلکہ شہریوں کے لیے درست اور قابلِ اعتماد معلومات کو جھوٹی، گمراہ کن یا مصنوعی طور پر تبدیل کی گئی معلومات سے الگ کرنا بھی ایک اہم چیلنج بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے حق کا مؤثر استعمال شفافیت، جواب دہی اور عوامی شرکت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.