امریکی افغانستان وار کمیشن وفد کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی پر گفتگو
راولپنڈی: امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران افغانستان میں امریکی جنگ کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور خطے میں سکیورٹی سے متعلق پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کے پس منظر اور اس سے پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کا مؤقف امریکی وفد کے سامنے رکھا۔
انہوں نے افغانستان میں طویل عرصے تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مشکلات پر بھی روشنی ڈالی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے علاقائی تناظر اور پاکستان کے عملی تجربات کو افغانستان سے متعلق معاملات کے جائزے میں شامل رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی وفد نے افغانستان میں جاری تنازع کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کردار اور دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ وفد نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.