خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا امکان، وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس متوقع
اسلام آباد: خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس متوقع ہے، جس میں صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سمیت امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس دوپہر 2 بجے کے بعد کسی بھی وقت منعقد ہوسکتا ہے۔
، جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اہم حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور صوبائی حکومت کے کردار سے متعلق امور زیرغور آئیں گے۔ آئین کے آرٹیکل 233 اور 234 کے تحت صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے ممکنہ نفاذ پر بھی مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی وزرا کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت سیاسی سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہے اور ٹی ٹی پی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے وفاقی اداروں کو مطلوبہ تعاون فراہم نہیں کررہی۔دوسری جانب صوبائی حکومت نے وفاقی وزرا کے الزامات کو مسترد کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باوجود پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جاری رہے گا۔
حالیہ پیش رفت میں پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو خط لکھ کر سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ مزید مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد میں اسے مؤخر کرکے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.