آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

15 اکتوبر سے نئے MRP پاسپورٹس کا اجرا بند، ای پاسپورٹ لازمی ہوگا

Super Admin


اسلام آباد: پاکستان 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRP) کے اجرا کا سلسلہ ختم کرکے مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام کی طرف منتقل ہوجائے گا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (DGI&P) کے مطابق 15 اکتوبر یا اس کے بعد نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو MRP کے بجائے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز پر بھی ہوگا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری شدہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس 15 اکتوبر سے منسوخ نہیں ہوں گے۔ شہری اپنے موجودہ MRP کو اس کی مقررہ مدت تک بیرونِ ملک سفر کے لیے استعمال کرسکیں گے، تاہم نئی درخواست یا تجدید کی صورت میں ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ای پاسپورٹ میں کانٹیکٹ لیس الیکٹرانک چپ موجود ہوتی ہے، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی ذاتی اور بائیومیٹرک معلومات، منفرد شناختی نمبر اور ڈیجیٹل دستخط محفوظ کیے جاتے ہیں۔ 
یہ ٹیکنالوجی جدید امیگریشن نظام، خودکار بارڈر کنٹرول اور ای گیٹس کے استعمال میں معاون ثابت ہوتی ہے۔DGI&P کے مطابق ای پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار بڑی حد تک روایتی پاسپورٹ جیسا ہی ہے، جبکہ مطلوبہ دستاویزات بھی بنیادی طور پر وہی رہیں گی۔36 صفحات پر مشتمل عام ای پاسپورٹ کی پانچ سالہ فیس 9 ہزار روپے جبکہ 10 سالہ پاسپورٹ کی فیس 13 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔
ارجنٹ کیٹیگری میں پانچ سالہ پاسپورٹ کے لیے 15 ہزار روپے اور 10 سالہ پاسپورٹ کے لیے 22 ہزار 500 روپے فیس ہوگی۔حکام کے مطابق پاکستان میں ای پاسپورٹ کا نظام پہلے ہی ملک بھر کے فیلڈ دفاتر میں نافذ ہے، جبکہ 15 اکتوبر 2026 سے نئے پاسپورٹ کے اجرا میں ای پاسپورٹ بنیادی دستاویز کی حیثیت اختیار کرلے گا۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.