پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت عوامی مقامات اور کھلی جگہوں پر مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دھرنوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں عوامی مقامات پر اسلحہ رکھنے یا اس کی نمائش کرنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔
عدالتیں، سرکاری ادارے اور متعلقہ حکام کی باقاعدہ اجازت سے منعقد ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کو بھی ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ممکنہ سکیورٹی خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ رپورٹس میں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کے خدشے کا اظہار کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عوامی اجتماعات ممکنہ طور پر دہشت گرد حملوں کا ہدف بن سکتے ہیں، اسی لیے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.