سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا: صدر مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو کسی ایک فریق کی جانب سے یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا۔ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز ’’نشانِ امتیاز‘‘ سے نوازا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔انتونیو گوتریس نے پاکستان کی جانب سے اعلیٰ قومی اعزاز دیے جانے پر اظہارِ تشکر کیا، جبکہ صدر مملکت نے ان سے ملاقات کے دوران عالمی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کیلئے مکالمے اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پانی کو سیاسی دباؤ یا بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے دیرینہ تنازعات، بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں کی جانب سے مسلسل دہشتگردی کا سامنا ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقائی تنازعات کے حل اور پائیدار امن کے قیام کیلئے مذاکرات اور بات چیت کا کوئی متبادل نہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.