آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی، 34 کروڑ روپے کی ریکارڈ آمدن

Super Admin


خیبرپختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے اجازت ناموں کی نیلامی کے دوران ریکارڈ رقم حاصل کرلی گئی۔ چترال اور کوہستان میں گزشتہ روز ہونے والی نیلامی سے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 34 کروڑ پاکستانی روپے کی آمدن ہوئی۔
 رواں سال مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 66 ہزار ڈالر زیادہ ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے بنتی ہے۔نیلامی میں چترال کے مختلف مقامات اور کوہستان کے لیے مارخور کے شکار کے اجازت ناموں پر بھاری بولیاں لگائی گئیں۔
توشی ون چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر، جبکہ توشی ٹو چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر میں فروخت ہوا۔اسی طرح چترال کے علاقے گہریت گول کے پرمٹ کی نیلامی 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں ہوئی، جبکہ کوہستان کے کیگاہ کھوار علاقے کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام کیا گیا۔
حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی آبادی کو دیا جائے گا، جبکہ بقیہ 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد مقامی کمیونٹی کو مالی فوائد فراہم کرنے کے ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت میں ان کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.