آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

امریکا اور ایران کے درمیان 7 نکات پر مذاکرات جاری ہیں، پاکستان کا انکشاف

Super Admin


اسلام آباد: پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لیے سات نکات پر بات چیت جاری ہے، جبکہ واشنگٹن کی جانب سے بھی تہران کے پیش کردہ نکات پر اپنا مؤقف سامنے رکھا جا چکا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر مذاکرات جاری ہیں اور امریکا نے ایران کے سات نکات کے حوالے سے اپنا مؤقف بھی شیئر کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست رابطوں کا آغاز پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کے باعث ممکن ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پہلے سے موجود ہے، جبکہ زیرِ بحث بعض نکات بھی اسی سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان سمیت دیگر اہم ممالک بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست رابطوں کو فروغ ملے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالنے کا حامی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ضرورت پڑنے پر دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ مسلسل سفارتی رابطوں اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار ہوسکے گی۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.