پنجاب اے آئی کے دور میں داخل، خیبر پختونخوا پتھر کے زمانے میں ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ ان کے بقول خیبر پختونخوا ترقی کے معاملے میں پیچھے رہ گیا ہے۔ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کو شعور دینے کے دعوے کرنے والوں نے لوگوں کی زندگیاں تباہ کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کسی دوسرے نے ختم نہیں کی بلکہ پارٹی نے خود اپنی حکومت ختم کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ تھا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کبھی ایسا دیکھا گیا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہو؟
ان کے مطابق خیبر پختونخوا کے عوام کو اب ترقی اور عوامی خدمت کے منصوبوں کا فرق معلوم ہوگا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں آئی ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ملک میں موٹرویز کا جال بچھانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے افسران بھی پنجاب کے مختلف محکموں میں عوامی سہولت اور توجہ کو سراہتے ہیں۔ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ صوبے میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور یہ سہولت تمام تحصیلوں تک پہنچائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کا کرایہ 20 روپے برقرار رکھا گیا ہے۔طلبہ کے لیے سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق طلبہ کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک اسکوٹیز کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ ان پر مالی بوجھ کم رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے اے آئی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ مریم نواز کے مطابق پنجاب جدید ٹیکنالوجی کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، جبکہ انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتِ حال پر تنقیدی تبصرہ بھی کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.