بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید
کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ گوادر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر کے علاقے شادی کور میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران اہلکاروں کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ہے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔پاک فوج نے عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.