پی ٹی آئی کی عمران خان اور اہلِ خانہ کیلئے ریلیف کی نئی کوششیں، اہم موقع گنوانے کا اعتراف
اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کی صورتحال کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی بانی عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ریلیف حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ تیز کردی ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے متعلقہ حکام سے رابطے کرکے عمران خان کی تین بہنوں کی رہائی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے اہلِ خانہ کی ملاقاتوں کی بحالی کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بعض رہنماؤں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت کے سخت اور تصادم پر مبنی رویے کے باعث عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ پر عائد پابندیوں میں نرمی حاصل کرنے کا ایک اہم موقع ضائع ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے حکومتی حکام سے رابطہ کرکے عمران خان کی تین بہنوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا۔ ان کی نظر بندی کی 30 روزہ مدت مکمل ہوچکی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے بشریٰ بی بی سے اہلِ خانہ کی ملاقاتوں کی بحالی کی درخواست بھی کی ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق اس صورتحال کی ایک وجہ اُس وقت کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی قیادت کا جارحانہ طرزِ عمل تھا، جس کے باعث مذاکرات اور ریلیف کے امکانات متاثر ہوئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت آخری وقت تک اس توقع پر قائم رہی کہ وفاقی حکومت نہ تو صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرے گی اور نہ ہی گورنر راج کے ذریعے صوبائی انتظامی معاملات اپنے کنٹرول میں لے گی۔تاہم موجودہ صورتحال کے بعد پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ریلیف حاصل کرنے کی کوششوں میں دوبارہ تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.