پنجاب میں بارش کے بعد موسم سرد، کئی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان
خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم نے کروٹ لے لی، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں مزید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد موسم سرد ہوگیا اور شہریوں کو سردی کی شدت محسوس ہونے لگی۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی صبح سے آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں موجود ہے، جس کے باعث اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بالائی پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.