مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا اور ان کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی تھی، لیکن تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود تنازع کشمیر حل طلب ہے اور کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ کو ضروری قرار دیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.