عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل منتقلی متوقع، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد تمام قیدیوں کو وہاں منتقل کیا جانا ہے، جن میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان بھی شامل ہوں گے۔ ان کے مطابق منتقلی سے متعلق حتمی فیصلہ اسلام آباد انتظامیہ کرے گی۔عطا اللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ہونے والا تہران اجلاس پاکستان کی ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے مسلم امہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں مدد ملی اور تہران اجلاس کی تصاویر دنیا بھر میں دیکھی گئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اسے ملک کے لیے باعثِ فخر موقع قرار دیا۔28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر عطا تارڑ نے کہا کہ فی الحال اس حوالے سے مشاورت کا آغاز نہیں ہوا اور دسمبر تک وقت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کیا پیش رفت ہوتی ہے، اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔
خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی واپسی سے متعلق کوئی بات زیرِ غور نہیں اور ان کے خیال میں صوبائی سیاست کا ایک باب بند ہو چکا ہے۔ انہوں نے سہیل آفریدی کے سیاسی مستقبل پر بھی تنقیدی تبصرہ کیا اور تحریک انصاف کی کارکردگی پر اعتراضات اٹھائے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.