پنجاب میں ڈرون اڑانے پر 30 روزہ پابندی عائد، محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن جاری
پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق پابندی کا مقصد امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنانا اور ممکنہ سکیورٹی خطرات سے نمٹنا ہے۔
تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی ویڈیو کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، جس کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانا تقریب کے منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔نوٹیفکیشن سیکرٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
پابندی کے اطلاق سے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرونز کے قانونی اور محفوظ استعمال کی اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں‘‘ بھی تشکیل دی ہیں۔ ان کمیٹیوں کو زرعی، آبپاشی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی تحریری اجازت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ ضلعی کمیٹی سے تحریری اجازت حاصل کرنے کی صورت میں مخصوص مقاصد کے لیے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔حکومت کی جانب سے یہ اقدام صوبے میں سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور ڈرونز کے غیر مجاز استعمال کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.