آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کا نیا مرحلہ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی

Super Admin

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کے لیے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت نئے درخواست گزاروں سے درخواستیں وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت منصوبے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کی پیش رفت اور اب تک حاصل ہونے والے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران نئے مرحلے کے لیے درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر کے آن لائن پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار 718 مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔

حکام کے مطابق اسکیم کے تحت ایک لاکھ 71 ہزار 597 مستحق افراد کو قرض کی دوسری قسط بھی جاری کی جاچکی ہے، جبکہ مزید 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قرضوں کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول ہوچکی ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔

نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری کے بعد توقع ہے کہ مزید شہری بھی اس رہائشی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.