شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری، 62 گھروں اور متعدد کمپاؤنڈز کی تلاشی مکمل
شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس دوران حسو خیل میں 14 مشتبہ مقامات کو کلیئر کرلیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران مختلف علاقوں میں مزید 62 گھروں اور متعدد کمپاؤنڈز کی تلاشی کا عمل مکمل کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گاؤں اپی سے حیدر خیل تک 17، مسکی میں 28 جبکہ دیگر علاقوں میں 17 کمپاؤنڈز کی سرچنگ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسو خیل میں 14 ٹارگٹ مقامات کو بھی کلیئر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب موساکی میں کارروائی کے دوران 700 کلوگرام دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
کارروائی میں ایک الفاروق میزائل، 200 کلوگرام یوریا اور دیگر مشتبہ آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی اور ان کے زیر استعمال ٹھکانوں کی مکمل تلاشی اور کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.