وفاقی حکومت نے صوبوں کے این ایف سی حصے سے 35 ارب روپے کی کٹوتی کرلی
اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت نے آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 164 کے تحت چاروں صوبوں کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) حصے سے گرانٹ کی مد میں تقریباً 35 ارب روپے حاصل کرلیے۔
وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران صوبوں سے 34 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے گرانٹ کی صورت میں وصول کیے ہیں۔
حکام کے مطابق اس رقم کو نان ٹیکس ریونیو (این ٹی آر) کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت صوبے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کی مالی ذمہ داریوں میں معاونت کریں گے۔
معاہدے کے مطابق چاروں صوبوں نے مالی سال 2026-27 کے دوران اپنے این ایف سی حصے سے مجموعی طور پر 1035 ارب روپے گرانٹ کی مد میں وفاق کو فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ رقم وفاقی حکومت کو اپنے مالیاتی اہداف اور آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرنے میں مدد دینے کے لیے مختص کی گئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.