پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی گھٹ گئے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیا ہے، جس سے مسافروں کو سفری اخراجات میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف بس کمپنیوں نے کرایوں میں 100 روپے تک مزید کمی کردی ہے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی تین فیصد تک کم کردیے گئے ہیں۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) لاہور رانا محسن کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام بس اڈوں پر نئے کرایوں کی فہرستیں آویزاں کردی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو مقررہ کرایوں سے آگاہی حاصل ہوسکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نئے کرایوں کے بجائے پرانے یا مقررہ حد سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نئے کرایہ ناموں پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.