آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

عمران خان کی بہنوں کی رہائی کے بعد سیاسی رابطوں میں پیشرفت، بانی پی ٹی آئی کے لہجے میں بھی نرمی آگئی

Super Admin

پاکستان تحریک انصاف اور حکام کے درمیان حالیہ دنوں میں ہونے والے پسِ پردہ رابطوں کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دو بہنوں کی رہائی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو ہونے والی رہائی کو دونوں فریقوں کے درمیان جاری غیر رسمی رابطوں کا پہلا عملی نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔ ان رابطوں میں فوج اور اس کی قیادت کے خلاف محاذ آرائی سے گریز کرنے کی یقین دہانی بھی شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے غیر متنازع رہنے اور اپنے عوامی بیانات یا سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ ملاقات کے دوران عمران خان کے گفتگو کے انداز میں بھی نسبتاً نرمی دیکھنے میں آئی اور وہ سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے ممکنہ راستہ تلاش کرنے پر زیادہ آمادہ دکھائی دیے۔

پسِ پردہ رابطوں کو آگے بڑھانے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کا کردار بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اہلِ خانہ کی شمولیت، عمران خان کی بہنوں کی یقین دہانیوں اور بانی پی ٹی آئی کے نسبتاً نرم مؤقف نے سیاسی رابطوں میں مزید پیش رفت کی امیدیں پیدا کردی ہیں۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.