پنجاب کی گندم پالیسی پر سنگین اعتراضات، بمپر فصل کے باوجود اضافی درآمد نے کسانوں کو نقصان پہنچا دیا
پنجاب میں گندم سے متعلق حکومتی پالیسی پر کئی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود ضرورت سے زیادہ درآمد کی گئی، جبکہ اگلے سال صوبائی حکومت نے کاشتکاروں سے سرکاری سطح پر گندم کی خریداری بھی نہیں کی، جس کے باعث کسانوں کو بھاری مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران بمپر فصل ہونے کے باوجود 24 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس کے برعکس مجموعی طور پر 30 لاکھ 90 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرلی گئی۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2024-25 میں پہلے سے گندم کے وافر ذخائر موجود ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے کسانوں سے سرکاری سطح پر گندم کا ایک دانہ بھی نہیں خریدا۔
حکومتی خریداری کا نظام فعال نہ ہونے کے باعث کاشتکار اپنی پیداوار کم نرخوں پر فروخت کرنے پر مجبور ہوئے، جس سے انہیں بڑے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال نے ملکی غذائی تحفظ کے حوالے سے بھی خدشات پیدا کیے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور مڈل مین کو ناجائز فائدہ اٹھانے کے مواقع میسر آئے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی خصوصی رپورٹ میں اضافی گندم کی درآمد اور پنجاب حکومت کی جانب سے مقامی کسانوں سے خریداری نہ کرنے کے فیصلے کی جامع تحقیقات کرانے کی سفارش بھی کی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.