پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ گئی، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی
پاکستان میں شوگر کے مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ملک بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 3 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ طبی ماہرین نے غیر متوازن خوراک اور غیر صحت مند طرزِ زندگی کو اس مرض کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق حیدرآباد میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ذیابیطس کا شکار ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بیماری سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ بڑھتی عمر کے ساتھ باقاعدگی سے شوگر ٹیسٹ کروانے اور روزانہ چہل قدمی کو معمول بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس محض جسم میں انسولین کی پیداوار کم ہونے یا بند ہونے تک محدود نہیں بلکہ یہ آنکھوں، گردوں اور دل سمیت جسم کے اہم اعضا کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے تقریباً 33.5 فیصد افراد، یعنی ساڑھے 3 کروڑ سے زیادہ شہری ذیابیطس میں مبتلا ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ روزانہ کم از کم 30 منٹ پیدل چلنے کی عادت اپنائیں، متوازن اور گھریلو غذا استعمال کریں اور غیر معیاری و باہر کے کھانوں سے حتی الامکان پرہیز کریں تاکہ ذیابیطس کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.