اپوزیشن پر حکومتی دباؤ نامناسب ہے، تنقید برداشت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی جماعت کے خلاف حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار اور مذمت کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کو درپیش معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھنا چاہیے، کیونکہ پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے لیے سیاسی رواداری اور برداشت ناگزیر ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جو جمہوری اقدار اور نظام کو کمزور کرنے کا سبب بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری معاشرے میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اپوزیشن کی سیاسی سرگرمیوں اور کردار کا احترام کیا جانا چاہیے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.