آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پنجاب میں اینٹی ریپ قانون متعارف کرانے کا فیصلہ، خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی: عظمیٰ بخاری

Super Admin

پنجاب حکومت نے خواتین اور بچوں کو جنسی زیادتی، گھریلو تشدد اور دیگر جرائم و استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے نیا اینٹی ریپ قانون متعارف کرانے اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت امن و امان اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام سے متعلق خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبے میں اینٹی ریپ ایکٹ نافذ کیا جائے گا، جسے خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق پہلے سے موجود قوانین، بشمول گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کے تحفظ کے قانون اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ کے ساتھ یکجا کرکے ایک جامع قانونی فریم ورک کی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی، جہاں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات کی سماعت تیزی سے مکمل کرکے متاثرین کو جلد انصاف فراہم کیا جاسکے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق اجلاس میں سامنے آنے والے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں، جن کے تحت 2025 میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں سزا ملنے کی شرح صرف 0.7 فیصد رہی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سزا کی انتہائی کم شرح سے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کا مقصد مؤثر قانون سازی اور خصوصی عدالتی نظام کے ذریعے ایسے جرائم کی روک تھام اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.