نئے صوبوں کی تشکیل پر اتفاق رائے ضروری ہے، فیصلہ قومی قیادت کرے گی: رانا سکندر حیات
لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب نے نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پیش نہیں کی، جن حلقوں کی جانب سے یہ معاملہ اٹھایا گیا ہے، وہ اس پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے یا انتظامی یونٹس میں اضافے سے زیادہ ضروری مضبوط بلدیاتی نظام کا قیام ہے، کیونکہ عوامی مسائل کا حقیقی حل بااختیار لوکل گورنمنٹ میں موجود ہے۔ ان کے مطابق اگر بلدیاتی نظام مؤثر ہوتا تو نئے صوبوں کے قیام پر بات کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی ناکامی کی ذمہ داری تمام سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ امن و امان اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے پنجاب کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھا رہا ہے، اس لیے چھوٹے صوبوں کو بھی اسی معیار کے مطابق کارکردگی دکھانی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کا فیصلہ قومی قیادت کے اختیار میں ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ نواز شریف اور دیگر قومی رہنما کریں گے۔ فی الحال پنجاب اسمبلی یا مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
رانا سکندر حیات نے زور دیا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کو سیاسی بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ تمام صوبوں کی مشاورت سے اتفاق رائے پیدا ہوسکے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا افغانستان میں صوبوں کی تعداد بڑھانے سے مسائل حل ہوگئے ہیں؟
تبصرے
Please keep the discussion respectful.