پنجاب کی تقسیم کی حمایت کرنے والی پیپلزپارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالف کیوں؟ ملک احمد خان
لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا تھا، لیکن سندھ کی تقسیم کی بات پر خونریزی کی دھمکیاں دینے کا کیا جواز ہے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے، جبکہ صدر آصف علی زرداری کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ تمام فریقین کی بات سنتے ہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات اور باہمی مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ کی قومیت سے متعلق دیے گئے بیان پر بھی کھل کر بحث ہونی چاہیے۔ اسی طرح وحدت کی سوچ اور اس کے پس منظر کو بھی زیرِ بحث لانے کی ضرورت ہے۔
ملک احمد خان نے سوال اٹھایا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد کی حمایت کی تھی، لیکن اگر وہ سندھ میں نئے صوبے کی مخالفت کرتی ہے تو دونوں معاملات میں مختلف مؤقف کیوں اختیار کیا جا رہا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز خون بہانے کی بات کی، ایسے میں سوال یہ ہے کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کی بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے؟ کسی کے گھر کو آگ لگانا یا تشدد کرنا سیاسی حق کیسے قرار دیا جاسکتا ہے؟
ملک احمد خان کے مطابق بلاول بھٹو کے پارلیمانی مؤقف اور حالیہ بیانات میں فرق نظر آتا ہے، جس پر وضاحت اور بحث ہونی چاہیے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.