خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت میں توسیع کی جائے گی، پیپلز پارٹی بھی متفق ہے: طارق فضل چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں نافذ گورنر راج میں توسیع عمل میں لائی جائے گی اور اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ 11 دسمبر سے قبل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا، جہاں گورنر راج کی مدت بڑھانے کا فیصلہ ہوگا، اور پیپلز پارٹی اس اقدام پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج کی مدت تو چھ ماہ بعد مکمل ہو جائے گی، تاہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایمرجنسی کا نفاذ برقرار رہے گا۔
دوسری جانب اسی پروگرام میں موجود پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئین سے ماورا یا زبردستی کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہمیں اس معاملے پر باقاعدہ مشاورت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا، جب وقت آئے گا تو ہم اپنا مؤقف اور لائحہ عمل سامنے رکھیں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.