خیبرپختونخوا میں مون سون کے پہلے اسپیل نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی۔ آسمانی بجلی، تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔ 
بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 2 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ خیبر، لوئر دیر، اپر دیر، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور لوئر چترال میں جانی و مالی نقصانات رپورٹ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات پیش آئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ مختلف اضلاع میں دیواریں، چھتیں اور سائن بورڈ گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ اٹک میں دیوار گرنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ خوشاب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔