اسلام آباد: پمز اسپتال میں انتظامی اور دیگر امور میں بہتری لانے کے لیے حکومت نے 20 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف ماہرین صحت کو شامل کیا گیا ہے، جو پمز کے انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لے کر اسپتال کے امور بہتر انداز میں چلانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی، جس کی سفارشات کی روشنی میں پمز کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پمز کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ 
بورڈ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے دوران 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران کو معطل کیا جاچکا ہے، جبکہ معطل افسران کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔