وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں، سابق اہلکاروں اور موجودہ افسران و جوانوں کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے اہلکار آج بھی جرأت، قربانی اور فرض شناسی کے جذبے کے ساتھ ملکی دفاع کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ 8 ستمبر 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی بہادری، عزم اور ثابت قدمی کی یاد آج بھی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اسی روز پاک بحریہ نے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’سومناتھ‘ کامیابی سے انجام دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بڑی اور جدید اسلحے سے لیس دشمن قوت کے مقابلے میں پاکستانی بحری جہازوں نے انتہائی درستگی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور سمندر میں نفسیاتی برتری قائم کی۔ وزیراعظم کے مطابق بحرِ ہند میں پاک بحریہ کی آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے بھی دشمن کی نقل و حرکت کو محدود کیا اور بحری جنگ کی تاریخ میں ایک یادگار باب رقم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2025ء کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اسی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ عملی تیاری کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی بھی جارحانہ کارروائی سے گریز کرنے پر مجبور رہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدہ علاقائی صورتحال میں بھی پاک بحریہ سمندری حدود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملک کی تجارتی آمدورفت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔