وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے مذاکرات کے لیے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خصوصی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے بلوچستان حکومت کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر ایاز صادق کا حالیہ دورہ کوئٹہ بھی اسی سیاسی رابطہ کاری کا حصہ تھا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے سپیکر ایاز صادق پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ وہ سیاسی معاملات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سپیکر ایاز صادق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔