اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانا بانیِ پاکستان کی سیاسی جدوجہد اور میراث کا بنیادی مقصد تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم قائداعظم کی بصیرت، مدبرانہ قیادت اور سیاسی تدبر کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
ان کی قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کے حصول کی راہ دکھائی اور مذہبی، تہذیبی و نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد قائداعظم نے نومولود ریاست کو درپیش انتظامی اور مالی مشکلات کا دانشمندی سے سامنا کیا۔
لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری، حکومتی امور کی تشکیل اور دیگر بڑے چیلنجز کے باوجود انہوں نے ریاستی نظام کو مضبوط بنیادیں فراہم کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، معاشی خوشحالی اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پوری قوم کو اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یومِ وفاتِ قائد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بانیِ پاکستان کے اصولوں پر چلنے کے عزم کی تجدید کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ قائداعظم کے دیے ہوئے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہے
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔