پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا فیصلہ ٹرانسپورٹرز کے لیے قابل قبول نہیں۔
8 سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی۔
حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مسائل کے حل کے لیے 40 روز کی مہلت طلب کی تھی، جس کی مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جارہی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔