کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین سمیت بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی مقررہ تاریخ آگے بڑھانے کی سفارش کردی۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر محمد قاسم نے ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کو خط ارسال کیا ہے، ۔
جس میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ ہیلتھ آفس کی جانب سے 7 ستمبر کو جاری کیے گئے خط کے مطابق 14 ستمبر سے بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی ہونا تھا۔خط میں نشاندہی کی گئی کہ اس مقصد کے لیے ایئرپورٹ پر صرف ایک ڈسپنسری کی سہولت مختص کی گئی ہے۔
، جس کے باعث مسافروں کی بڑی تعداد کو سہولت فراہم کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی صحت عامہ سے متعلق اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے، تاہم مناسب پیشگی اطلاع، آپریشنل انتظامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے بغیر ہدایت نافذ کرنے سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامی اور آپریشنل مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ 7 ستمبر کو ہونے والے فنکشنل کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں بھی متعلقہ اداروں نے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط پر عمل درآمد سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔اس کے علاوہ چیئرمین ایئرپورٹ آپریشنز کمیٹی نے بھی 11 ستمبر کو ایک خط کے ذریعے ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے پر مناسب غور کرنے کی درخواست کی تھی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن مؤخر کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ضروری انتظامات اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جاسکے۔