کراچی: حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے ویکسینیشن کی شرط کے نفاذ میں مزید توسیع کردی ہے، جس کے تحت مسافر اب 25 ستمبر تک بغیر ویکسینیشن کے سعودی عرب روانہ ہوسکیں گے۔فوکل پرسن کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کی شرط 25 ستمبر صبح 10 بجے تک مؤخر کردی گئی ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروس کے مطابق ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کے لیے مطلوبہ انتظامات مکمل نہیں کیے گئے تھے۔ حکام نے ویکسینیشن کے عمل کے لیے جناح ٹرمینل پر 3 کمرے فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
، تاہم کراچی ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافروں کے لیے صرف ایک ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا گیا تھا، تاہم انتظامی مسائل کے باعث اس شرط کے نفاذ میں توسیع کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ویکسینیشن کارڈ کی شرط آج رات 12 بجے سے نافذ ہونا تھی۔ اس حوالے سے پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط مرحلہ وار نافذ کی جائے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔