اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ استعمال کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک میں ڈیجیٹل شعبے کی ترقی تیزی سے جاری ہے۔اسلام آباد میں اکانومی فورم سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران ملک میں ڈیٹا کے استعمال میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں فائبر کنکشنز کی تعداد تقریباً 50 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے، جبکہ وائرڈ براڈ بینڈ کی سہولت کو ایک کروڑ گھرانوں تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
احسن اقبال کے مطابق پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے خواتین اور مردوں کے درمیان فرق کم ہو کر 8 فیصد رہ گیا ہے، جو ڈیجیٹل رسائی میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل شعبے میں شمولیت انتہائی ضروری ہے اور موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے والی خواتین کی شرح 45 فیصد تک پہنچ جانا ایک اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب توجہ ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع اور ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں کے فروغ پر مرکوز ہے۔