لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔عدالت نے واضح کیا کہ جرمانے کی رقم جمع کرانے کے بعد ہی درخواست کی سماعت کی جائے گی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار سے کہا کہ پہلے ایک لاکھ روپے جرمانہ جمع کرائیں، اس کے بعد کیس سنا جائے گا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری اشبا کامران کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ توہین عدالت کی درخواست کس عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے درخواست دائر کرنے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ دائر کرتے وقت تمام قانونی اور متعلقہ امور کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
عدالت نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے پر درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی سرکاری خزانے سے ذاتی تشہیر نہ کرنے سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے، تاہم اس فیصلے کے باوجود پنجاب اسمبلی میں تشہیر کے لیے قانون سازی کی گئی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔